لاہور :عید کی خوشیاں تو جاری ہیں، لیکن موسم کا مزاج کچھ زیادہ ہی گرم ہو چکا ہے۔ ملک بھر میں گرمی کی شدت نے شہریوں کو بے حال کر دیا ہے، اور خصوصاً لاہور میں سورج گویا آگ برسا رہا ہے۔
عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی صبح سے ہی تیز دھوپ نے شہریوں کو گھروں میں محصور ہونے پر مجبور کر دیا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور میں گرمی کا زور مزید بڑھ سکتا ہے، جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ فی الحال شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم از کم درجہ حرارت بھی 32 ڈگری سے نیچے نہیں جا رہا۔ہوا میں نمی صرف 20 فیصد ہے، جس کے باعث گرمی مزید جھلسا دینے والی محسوس ہو رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک نہ بارش کا کوئی امکان ہے اور نہ ہی گرمی میں کسی قسم کی نرمی کی امید۔
ادھر خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری تک بڑھ گیا ہے، جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں گرمی 4 سے 6 ڈگری زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے شہریوں کا رخ ٹھنڈے مشروبات، شربت، آئس کریم اور فروٹ چاٹ کی دکانوں کی طرف ہو رہا ہے۔ جگہ جگہ ٹھنڈے پانی کے کولر اور شربت کے سٹالز پر رش بڑھ گیا ہے۔طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمی میں احتیاط ضروری ہے، خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو دھوپ سے بچانا چاہیے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سر کو ڈھانپ کر رکھیں، ہلکے کپڑے پہنیں اور زیادہ سے زیادہ پانی یا مشروبات استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور جسم میں پانی کی کمی سے بچا جا سکے۔