راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے اور اس نے اس جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر ان دنوں امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں سینئر سکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امور، امن و استحکام، اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ان ملاقاتوں میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتے ہوئے معرکۂ حق اور "آپریشن بنیان مرصوص” کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے نہ صرف اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب اقدامات کیے، بلکہ خطے میں ہائبرڈ وارفیئر کے ذریعے دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے عناصر کی نشاندہی بھی کی ہے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، اور یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے۔

