راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ اعزاز انفرادی نہیں بلکہ پوری قوم، افواجِ پاکستان، شہداء اور غازیوں کے نام ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ انہیں یہ عظیم ذمہ داری سونپی گئی۔ انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے، اور اسے نبھانے کے لیے اگر لاکھوں عاصم بھی قربان ہوں تو کم ہیں۔” انہوں نے پوری قوم کی طرف سے ملنے والے اعتماد کو اپنی طاقت قرار دیا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حالیہ وفاقی کابینہ اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آپریشن "بنیان مرصوص” میں شاندار عسکری حکمتِ عملی اور دشمن کو شکست دینے پر اس اعلیٰ ترین فوجی اعزاز سے نوازا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی تاریخ کے دوسرے عسکری رہنما ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔ ان سے قبل صرف جنرل محمد ایوب خان فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز ہوئے تھے۔

