نیویارک:اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں کسی نئی جنگ کا خواہاں نہیں بلکہ امن کو ایک اور موقع دینے کا حامی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر غیرقانونی فضائی حملے عالمی امن کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کا مسئلہ صرف اور صرف سفارتی ذرائع اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ پاکستان خطے میں استحکام کا خواہاں ہے اور اسرائیل اور ایران تنازع کا پرامن حل چاہتا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے فریقین کو کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کرے

