لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ’’لائیو سٹاک اثاثہ جات پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ پروگرام کے تحت 12 اضلاع کی 11 ہزار غریب، بیوہ اور مطلقہ خواتین کو بھینسیں اور گائیں مفت فراہم کی جائیں گی۔
پہلے مرحلے میں 2 ارب روپے کی لاگت سے 4,870 مویشی دیئے جائیں گے، تاکہ خواتین گھریلو سطح پر دودھ کی پیداوار سے ذریعہ معاش حاصل کر سکیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دیہات اور شہروں کے درمیان معاشی تفاوت ختم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت چاہے شہر میں ہو یا دیہات میں، تعلیم، صحت اور روزگار اس کا بنیادی حق ہے۔
یہ مویشی ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، رحیم یار خان اور بہاولپور کی مستحق خواتین میں تقسیم کیے جائیں گے۔ 55 سال تک کی بیوہ یا مطلقہ خواتین اس اسکیم کے لیے ایپ یا قریبی ویٹرنری ہسپتال میں قائم وزیراعلیٰ سہولت ڈیسک کے ذریعے اپلائی کر سکتی ہیں۔

