اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے درآمدی سولر پینلز کے پرزہ جات پر عائد سیلز ٹیکس کی شرح کو 18 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مقامی انڈسٹری کو فروغ دیا جا سکے اور صارفین کو ریلیف ملے۔
وزیر خزانہ نے سینیٹ اجلاس میں بتایا کہ اس نئی شرح کا اطلاق صرف درآمدی پرزہ جات کے 46 فیصد حصے پر ہوگا، جبکہ سولر پینلز کی پلیٹوں پر 4.6 فیصد سیلز ٹیکس لاگو رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے لچک دکھائی ہے۔
محمد اورنگزیب نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دی اور کہا کہ حکومت اس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس میں کمی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافے سمیت عوامی فلاح کے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔