مکہ مکرمہ :نئے اسلامی سال کی آمد پر آج ، مسجد الحرام میں کعبہ شریف کا غلاف تبدیل کرنے کی روحانی اور پرکیف تقریب نمازِ عصر کے بعد منعقد ہو گی۔ اس بابرکت موقع کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا عمل خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں انجام دیا جائے گا۔ اس مقدس تقریب میں مسجد الحرام کے آئمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے ماہر کاریگر، اعلیٰ حکام اور خصوصی ٹیم شریک ہو گی۔غلافِ کعبہ انتہائی باریک بینی اور عقیدت کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔ کسوہ فیکٹری میں 11 ماہ کی مسلسل محنت کے بعد تیار ہونے والا یہ غلاف 1415 کلوگرام وزنی ہے۔ اس میں 1000 کلوگرام خالص ریشم، 120 کلوگرام سونے اور 100 کلوگرام چاندی سے تیار کیے گئے دھاگوں سے قرآنی آیات کی خوبصورت کشیدہ کاری کی گئی ہے۔ نیا غلاف مجموعی طور پر چار بڑے ٹکڑوں اور 47 درمیانے و چھوٹے حصوں پر مشتمل ہے۔
تقریب کے دوران نماز عصر کے بعد پہلے پرانے غلاف کے سنہری حصے انتہائی احتیاط سے اتارے جائیں گے، جبکہ نیا غلاف نماز عشاء کے بعد بیت اللہ پر چڑھایا جائے گا۔یہ مقدس روایت ہر سال یکم محرم کو ادا کی جاتی ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس روح پرور منظر کو عقیدت، احترام اور محبت سے دیکھتے ہیں۔ غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا لمحہ امت مسلمہ کے لیے روحانی تجدید کا پیغام لیے ہوتا ہے اور حرمین شریفین کی تاریخ میں ایک اہم اور مبارک دن کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔

