نیو یارک: پاکستان اگلے ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا، جو نہ صرف ملک کے لیے ایک اہم سفارتی موقع ہے بلکہ عالمی سطح پر امن، استحکام اور جنوبی ایشیائی نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اس حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں صدارت کے دوران پاکستان کے "پروگرام آف ورک” پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ عاصم افتخار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی صدارت ایک کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں انجام دے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رکن ممالک عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستانی مندوب نے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کثیرالجہتی تعاون (Multilateralism) کی ضرورت پر زور دیا اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔