لاہور :لاہور پولیس نے غیرملکی خاتون کی لاش کو ہسپتال میں چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزم کا سراغ چند گھنٹوں میں لگا لیا۔
پولیس کے مطابق، واقعہ نشتر کالونی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم شخص نے غیرملکی خاتون کو کرائے کی گاڑی میں ہسپتال منتقل کیا، اور موت کی تصدیق ہونے پر لاش کو وہیں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔لاش کی شناخت زیمبیا سے تعلق رکھنے والی خاتون چومبا کیرن کے نام سے ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
پولیس تحقیقات کے دوران مقتولہ کی روم میٹ سے معلومات حاصل کی گئیں، جس سے تفتیش میں پیش رفت ہوئی۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق، خاتون کو ہسپتال لانے والا شخص اس کا قریبی ساتھی ولیری کومبو تھا، جو مقتولہ کے ساتھ نشتر ٹاؤن کے علاقے گلشن مدینہ کالونی میں کرائے کے گھر میں مقیم تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور جلد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

