موسیٰ خیل : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا، خاص طور پر ضلع موسیٰ خیل اور اس کے گردونواح میں ان جھٹکوں کا شدید اثر محسوس کیا گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کی شدت 5.5 اور گہرائی 28 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔زلزلے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، موسیٰ خیل میں زلزلے کی وجہ سے 2 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ 3 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ مکانات گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر علاج کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔زلزلے کے بعد، مقامی حکام اور ریسکیو ادارے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو مزید آفٹر شاکس کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔