اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پنجاب کے کئی شہروں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سندھ کے بھی کئی اضلاع بارشوں کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، گھوٹکی اور تھرپارکر میں مزید بارشیں متوقع ہیں، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ادھر وزیرِاعظم شہباز شریف نے قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ملک بھر، خصوصاً بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے اور بھرپور معاونت کی ہدایت کی ہے۔وزیرِاعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ ریسکیو ادارے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں اور شہریوں کو موبائل پیغامات کے ذریعے بروقت معلومات فراہم کی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔