انگلینڈ اور نارتھ ہیمپٹن شائر کی نمائندگی کرنیوالے سابق کرکٹر وین لارکنز مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیڈ کے نام سے مشہور انگلش کرکٹر وین لارکنز نے 1979ء سے 1991ء کے درمیان 13 ٹیسٹ اور 25 ایک روزہ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔وین لارکنز پر 1982ء کے متنازع جنوبی افریقا کے دورے میں شرکت کے باعث 3 سالہ پابندی عائد کردی گئی تھی، دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ٹاپ آرڈر بلے باز وین لارکنز نے 700 میچز میں نارتھ ہیمپٹن شائر کی نمائندگی کی، جس کے بعد وہ ڈرہم منتقل ہوگئے، انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کیریئر میں 85 سنچریوں کی بدولت 40 ہزار رنز بنائے۔
لارکنز کی اہلیہ ڈیبی نے نارتھمپٹن شائر کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا ’’نیڈ ہر اُس شخص سے محبت کرتے تھے جس سے وہ ملتے تھے اور ہر کوئی اُن سے بھی محبت کرتا تھا‘‘۔مزید کہا کہ ہم افسردہ ہیں مگر کبھی بھی ان کی بے مثال شخصیت اور ہماری زندگیوں پر پڑنے والے اثر کو نہیں بھولیں گے، لارکنز ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔