اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے فوری خاتمے کا مطالبہ کردیا۔
عاصم افتخار نے خطاب میں کہا کہ عارضی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک ساڑھے 6 ہزارسے زائد جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ بچے غذائی قلت کے باعث جان سے ہاتھ دھورہے ہیں۔پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ امداد کے حصول کے دوران 500 سے زائد فلسطینیوں کو قتل جبکہ 40 ہزارسے زائد کو زبردستی بے دخل کیا گیا۔ عالمی قراردادوں پرعمل نہ ہوا توسنگین نتائج برآمد ہوں گے۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ غزہ میں خاندانوں کو بار بار نقل مکانی پر مجبور کیا گیا، اب غزہ میں لوگ زمین کے پانچویں حصے سے بھی کم جگہ پر محصور ہیں، اور یہ سمٹتی ہوئی جگہیں بھی خطرے سے دوچار ہیں۔