شمالی وزیرستان: پاکستانی سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے ہونے والی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشتگرد خوارجی گروہ سے تعلق رکھتے تھے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو ممکنہ تباہی سے محفوظ بنایا۔ ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دشمن کے ہر فتنے پر قابو پانے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے اور غیر ملکی پراکسیز کو اپنی سرزمین پر پنپنے نہ دے۔ترجمان پاک فوج کی جانب سے واضح کیا گیاہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملکی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔