باکو / اسلام آباد:پاکستان اور آذربائیجان نے باہمی اقتصادی تعاون کو نئی وسعت دیتے ہوئے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس پیش رفت کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے باکو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات نہایت مثبت اور ثمرآور رہی، جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مفصل بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہاکہ ہم صدر الہام علیوف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا، اور ہمیں یقین ہے کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان میں منعقدہ 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر میزبان ملک کو مبارکباد پیش کی۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے عالمی و علاقائی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور ایران میں ہونے والی شہادتوں پر تعزیت کا اظہار کیا۔نہوں نے کہا کہ دنیا آج غزہ میں انسانی المیے کی ایسی مثال دیکھ رہی ہے جہاں ظلم، قحط اور بربادی نے انسانی وقار کو پامال کر دیا ہے۔وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر ECO ممالک کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔