اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ امور طلال چودھری نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور گالم گلوچ کو بے حد قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رویے دستور کے منافی ہیں۔ انہوں نے اسپیکر کے ریفرنس کو پارلیمان کے وقار کی بحالی اور آئینی حدود کی طرف پہلا مثبت اقدام قرار دیا۔
طلال چودھری نے کہا کہ اپوزیشن نے عوامی نمائندگی کی بجائے ذاتی سیاست کو فوقیت دی ہے، اور اسمبلیوں کو گالم گلوچ کا میدان بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر نے کہا: تمام الاؤنس لینے کے باوجود یہ لوگ صرف اسمبلی میں گالیاں دینے آتے ہیں۔انہوں نے پی ٹی آئی کے دور میں پنجاب اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی غیر موجودگی اور خیبرپختونخوا میں عدم ترقی کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اب پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے اور مفت ادویات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔