اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہر دہشت گردی کے واقعے پر جنگی ماحول پیدا کرنا چاہتا ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت کے مفاد میں بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے ایک ارب 70 کروڑ افراد کا مستقبل غیر ذمہ دار افراد کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ بلاول نے خبردار کیا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم کا خطرہ ماضی کے مقابلے میں آج زیادہ بڑھ گیا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم موجودہ نسلوں کو ماضی کی غلطیوں کی سزا نہیں دے سکتے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے فیٹف کی ہدایات کے تحت دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو خود ارادیت کا حق حاصل ہے اور بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اگر تحقیقات میں تعاون کرے اور ثبوت فراہم کرے تو پاکستان کارروائی کے لیے تیار ہے۔