پاکپتن: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاکپتن میں 20 بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کے ایم ایس اور سی ای او کو موقع پر ہی گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
مریم نواز نے پاکپتن کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں مریضوں نے ادویات کی عدم دستیابی اور علاج میں غفلت پر براہ راست شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بعض ڈاکٹرز کے لائسنس معطل اور ذمہ دار عملے کے خلاف انکوائری کا حکم بھی دیا۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق 15 بچے نجی ہسپتالوں سے حالت خراب ہونے پر سرکاری ہسپتال منتقل کیے گئے تھے، جبکہ 5 بچوں کی اموات غیر تربیت یافتہ دائیوں کی وجہ سے ہوئیں۔وزیراعلیٰ نے لیبارٹری کے نظام میں بے ضابطگیوں پر تین ملازمین کو بھی گرفتار کروایا اور واضح کیا کہ اب معافی کا وقت ختم ہو چکا ہے، صرف کام کرنے والے ہی سسٹم میں رہیں گے۔