بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف رواں ماہ ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں پانچ اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے سابق کپتان نجم الحسن شنتو کو سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 10 جولائی سے ہوگا جبکہ پہلا میچ پالی کیلے، دوسرا 13 جولائی کو دمبولا اور تیسرا اور آخری میچ 16 جولائی کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
نجم الحسن شنتو مئی میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے خلاف بنگلہ دیش کی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز کا حصہ تھے اور صرف ایک میچ میں کھیل سکے تھے، 2024 میں ان کی کارکردگی مایوس کن رہی جہاں انہوں نے 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں صرف ایک نصف سنچری اسکور کی اور اوسطاً 18.84 رنز بنائے۔جنوری میں ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے دستبردار ہونے کے باوجود ان کی بیٹنگ میں بہتری نہ آئی جس کے نتیجے میں انہیں اسکواڈ سے مکمل طور پر ڈراپ کر دیا گیا۔
شنتو کی جگہ بائیں ہاتھ کے اوپنر محمد نعیم کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔نعیم نے 2024-25 کے ڈومیسٹک سیزن میں شاندار کارکردگی دکھائی جہاں وہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) اور نیشنل کرکٹ لیگ (این سی ایل) ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رہے۔انہوں نے 827 رنز بنائے، جن میں ایک سنچری اور چھ نصف سنچریاں شامل تھیں، اوسط 37.59 اور اسٹرائیک ریٹ 140.40 رہا۔
اسکواڈ:
لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین ایمون، محمد نعیم، توحید ہریدوئے، جیکر علی، شمیم حسین، مہدی حسن میراز، رشاد حسین، مہدی حسن، ناسم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن، شریف الاسلام، تنزیم حسن ثاقب، محمد سیف الدین۔