اسلام آباد / لاہور : نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا اور جلوس ہائے عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں عاشورہ کے مرکزی جلوس برآمد ہو چکے ہیں، جن میں عزادارانِ امام حسینؓ بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ جلوسوں میں شبیہ ذوالجناح، تعزیے، علم مبارک اور دیگر تبرکات شامل ہیں، جو مقررہ روایتی راستوں سے گزر کر اپنے اختتامی مقامات پر پہنچیں گے۔
شرکاء نوحہ خوانی، ماتم اور مرثیہ خوانی کے ذریعے شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو یاد کر رہے ہیں۔ مجالس میں علما کرام اور ذاکرین حضرت امام حسینؓ کی سیرت، پیغامِ کربلا، اور ظلم و باطل کے خلاف ان کے موقف پر روشنی ڈال رہے ہیں۔سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تمام جلوسوں کے راستوں کو سیل کر کے پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں۔ ایمبولینس سروس، میڈیکل کیمپ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ شرکاء کو ہر ممکن سہولت دی جا سکے۔
یوم عاشور کا پیغام صبر، استقامت، حق گوئی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ہے، جس کی مثال کربلا کے میدان میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء نے قائم کی، جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔