کراچی : پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما اور معروف سیاسی شخصیت عبدالستار بچانی 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اہل خانہ کے مطابق وہ کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
عبدالستار بچانی کے انتقال پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور سندھ کابینہ کے وزراء نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزراء شرجیل میمن، ضیاء لنجار، ذوالفقار شاہ، نثار کھوڑو اور وقار مہدی نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے عبدالستار بچانی کو ایک بااصول، ملنسار اور عوام دوست رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور جمہوریت کے فروغ کے لیے وقف کر دی۔ ان کی جدوجہد اور سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پارٹی اور کارکنان دکھ کی اس گھڑی میں عبدالستار بچانی کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ان کے جانے سے ایک خلا پیدا ہوا ہے جو آسانی سے پُر نہیں ہو سکتا۔