اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی منفی مہم کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بدنیتی پر مبنی اور پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں محسن نقوی نے واضح کیا کہ نہ تو صدر مملکت سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی بات زیر غور ہے کہ آرمی چیف "فیلڈ مارشل” صدارت کا منصب سنبھالنے کے خواہاں ہیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ "میں جانتا ہوں یہ جھوٹ کون پھیلا رہا ہے، کیوں پھیلا رہا ہے اور اس سے کس کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔” انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط، باعزت اور ہم آہنگ تعلقات قائم ہیں۔
محسن نقوی نے مزید لکھا کہ "فیلڈ مارشل کی واحد توجہ ملک کے استحکام اور مضبوطی پر ہے، نہ کہ کسی سیاسی منصب پر۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جو لوگ اس گمراہ کن بیانیے کو ہوا دے رہے ہیں، وہ دراصل دشمن ایجنسیوں کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا، "ہم ہر ایسی کوشش کو ناکام بنائیں گے جو پاکستان کے اداروں، جمہوریت اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ ہماری پوری توجہ پاکستان کو دوبارہ مضبوط اور مستحکم بنانے پر مرکوز ہے۔”