کوالالمپور : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے یا اس کا رخ موڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ انہوں نے بھارت کی سندھ طاس معاہدہ معطلی کے خلاف سخت ردعمل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی ملک کا سفیر ہے اور پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ مشکل حالات کے باوجود معاشی استحکام کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جس کے نتیجے میں پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد تک آ گیا ہے اور مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے الزام، اٹاری بارڈر کی بندش اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت واہگہ بارڈر بند کر دیا گیا ہے، بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں اور فضائی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار جانوں کے ساتھ قربانی دی ہے اور یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنا چاہتا ہے۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 177 ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی ہے۔نائب وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات بھی کی جہاں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملائیشین وزیراعظم رواں سال اکتوبر میں پاکستان کے دورے پر آنے والے ہیں۔