کوالالمپور: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کوالالمپور میں ہائی کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ پاکستان آم فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس فیسٹیول کا مقصد تجارت اور ثقافتی سفارتکاری کا فروغ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، فیسٹیول میں پاکستانی آموں کی خوشبو، رنگ اور ذائقے نے شرکاء کو اپنی جانب متوجہ کیا اور پاکستانی آموں کو عالمی سطح پر خوب پذیرائی ملی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آم پاکستان کی ثقافت اور معیشت کا اہم حصہ ہیں اور ان کی عالمی سطح پر مقبولیت ملک کی زرعی صلاحیتوں کا واضح مظہر ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ اس فیسٹیول کے ذریعے پاکستانی آموں کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے کی کامیاب کوشش کی گئی ہے جو پاکستان کی زرعی برآمدات کو مزید فروغ دے گی۔