اسلام آباد :بھارتی حکومت اور کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی مخالفت کے باعث ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سالانہ اجلاس کی کامیابی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
اجلاس بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں 24 جولائی کو شیڈول ہے، تاہم بھارت نے اجلاس کے مقام کی تبدیلی اور ملتوی کرنے کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ نے رکن ممالک پر اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے لیے بھی اثر و رسوخ استعمال کیا ہے۔ سری لنکا اور عمان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی حمایت کی ہے، جب کہ اکثریتی رکن ممالک اجلاس کو مقررہ مقام پر منعقد کرنے کے حق میں ہیں۔اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے اجلاس کے انعقاد کی تصدیق کی ہے اور تمام رکن ممالک کو 23 جولائی کو ڈھاکا میں ملاقات کے لیے بلایا ہے۔ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے اگست میں بھارت کا بنگلہ دیش دورہ بھی منسوخ ہو چکا ہے۔