لندن: برطانیہ کی حکمران جماعت لیبر پارٹی کے 60 ارکانِ پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کو فوری طور پر ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرے اور دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے۔
ارکانِ پارلیمنٹ نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور برطانیہ کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ خط میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی (UNRWA) کے ذریعے غزہ میں امداد کی فراہمی کی بھی بھرپور حمایت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔خط میں اسرائیلی انسانی حقوق کے معروف وکیل مائیکل سفارد کے اس بیان کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ فلسطینیوں کو غزہ کے جنوبی حصے کی طرف زبردستی دھکیلا جا رہا ہے تاکہ انہیں علاقے سے باہر نکالا جا سکے۔ ارکانِ پارلیمنٹ نے اس عمل کو انسانیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت اس کی کھل کر مخالفت کرے۔
ادھر فلسطین ایکشن گروپ پر برطانوی حکومت کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے خلاف لندن میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے پارلیمنٹ کے سامنے مارچ کیا۔ پولیس نے مظاہرہ منتشر کرنے کے دوران 40 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اسی معاملے پر احتجاج کے دوران 29 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا۔