لاہور ائیر پورٹ پر مسافر کے بعد جانے کے واقعے کے بعد اب کراچی ائیرپورٹ پر بھی مسافر کے بدل جانے کا واقعہ پیش آیا اور ائیر لائن کے عملے کی غفلت سامنے آئی ہے۔
کراچی ائیرپورٹ سے دبئی جانے والا نجی پاکستانی ائیر لائن کا مسافر غیر ملکی ائیرلائن کی لاپرواہی کی وجہ سے سفر کرنے سے رہ گیا۔تفصیلات کے مطابق نجی پاکستانی ائیرلائن کا مسافر جسے کراچی سے دبئی جانا تھا غلطی سے غیر ملکی ائیرلائن کے بریفنگ کاونٹر پر چلا گیا اور ائیرلائن کے عملے نے عارف علی نامی نجی پاکستانی ائیرلائن کے مسافر کا ٹکٹ دیکھے بغیر اسے شارجہ جانے والی پرواز 547 کا بورڈنگ کارڈ جاری کر دیا۔
پاکستانی نجی ائیر لائن کا مسافر عارف علی غیر ملکی ائیرلائن کا بورڈنگ کارڈ لے کر امیگریشن کرا کر ڈپارچر لاؤنچ میں چلا گیا تاہم کچھ دیر بعد غیر ملکی ائیرلائن کا اصل مسافر عارف علی بھی وہاں آگیا جس کے بعد غیر ملکی ائیرلائن کے عملے کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے پاکستانی نجی ائیرلائن کے مسافر کا بورڈنگ کارڈ لے کر اسے واپس بھیج دیا۔
اس دوران نجی پاکستانی ائیر لائن کی دبئی جانے والی پرواز کی بورڈنگ بھی مکمل ہو گئی اور پرواز کلوز کر دی گئی جبکہ فلائٹ کلوز ہونے کی وجہ نجی ائیر لائن نے اپنے مسافر عارف علی کو لینے سے انکار کر دیا اور دبئی کی پرواز پی اے 110 مسافر عارف علی کو چھوڑ کر چلی گئی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے ائیر لائنزکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
اس حوالے سے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی حکام کا بتانا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ائیرلائن کی غلطی سے پاکستانی مسافر آف لوڈ ہوگیا، دو ایک جیسے نام کے مسافر ہونے کے باعث ائیرلائن کے عملے سے غلطی ہوئی۔ائیرپورٹ حکام کے مطابق عارف علی ان پڑھ، غریب مزدور ہے اور اس کے پاس دوسرا ٹکٹ لینے کے پیسے بھی نہیں تھے۔