ایئرلائن کی غفلت کے باعث بغیر ویزے جدہ پہنچنے والے مسافر نے کمپنی کو لیگل نوٹس بھیج دیا۔
نجی ایئرلائن کی مبینہ غفلت کے باعث لاہور سے کراچی جانے والے مسافر شاہ زین کو بغیر پاسپورٹ اور ویزے کے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچا دیا گیا جس پر متاثرہ مسافر نے انتظامیہ کو سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2014 کی خلاف ورزی کے تحت لیگل نوٹس بھیج دیا ہے۔
لیگل نوٹس کے مطابق 7 جولائی کو ایئرلائن کی لاپرواہی کے باعث شاہ زین کو کراچی کے بجائے جدہ پہنچایا گیا اور بغیر دستاویزات کے سعودی امیگریشن اتھارٹیز کی پوچھ گچھ کے دوران انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ایئرلائن کی غلطی کی وجہ سے مسافر کو اضافی سفری اخراجات بھی برداشت کرنے پڑے۔نوٹس میں ایئرلائن سے سفری اخراجات سمیت ہرجانے اور وضاحت طلب کی گئی ہے۔