الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کی نااہلی پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 175 مظفر گڑھ میں ضمنی الیکشن 10 ستمبر کو ہوگا، امیدوار کاغذات نامزدگی 23 سے 25 جولائی تک جمع کرواسکیں گے۔26 جولائی کو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جائے گی، یکم اگست تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 5 اگست تک کاغذات منظور یا مسترد کرنے سے متعلق اپیلیں دائر کی جاسکیں گی، ایپلٹ ٹریبونل 12 اگست تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 13 اگست کو امیدواروں کی نظرثانی لسٹ جاری کی جائے گی، 15 اگست تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 16 اگست کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، محمد اویس ارشاد ڈی آر او، خضر ظہر آر او ہوں گے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دیتے ہوئے تعلیمی اسناد جعلی قرار دی تھیں، فیصلے میں جمشید دستی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کا ریفرنس منظور کرلیا گیا تھا۔
فیصلے میں رکن قومی اسمبلی کی تعلیمی اسناد جعلی قرار دیتے ہوئے ان کی نااہلی کی 2 درخواستیں منظور کرلی تھیں۔یاد رہے مئی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق رکن قومی اسمبلی کے خلاف اثاثوں اور تعلیمی اسناد سے متعلق دائر درخواست کی سماعت مکمل کی تھی ، جس کے بعد تین رکنی کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔