پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے جاری اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کی۔
آج خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس، جو مخصوص نشستوں سے متعلق تھا، مقررہ وقت سے دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہوا۔ اپوزیشن کے ارکان بروقت اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ پی ٹی آئی نے اپنے ارکان کو اجلاس میں شرکت کے بجائے پارٹی اجلاس میں شامل ہونے کی ہدایت کی۔پارلیمانی پارٹی اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اسمبلی اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق حالیہ پیش رفت پر تحفظات ہیں، جن پر احتجاج ریکارڈ کرانا ضروری تھا۔