گلگت : گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی۔ بابوسر ٹاپ کے قریب سیاحوں کی آٹھ گاڑیاں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ندی نالوں میں بہہ گئیں، جن میں کئی خاندان سیر و تفریح کے لیے موجود تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک تین افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ پندرہ سے زائد سیاح تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔موسمی صورتحال کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ علاقے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث خطرات بڑھ گئے ہیں۔ انتظامیہ نے مقامی افراد اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔