غزہ میں صیہونی حملوں کا سلسلہ جاری، مزید 80 فلسطینی شہید
غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری ہے جہاں تازہ حملوں میں مزید 80 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ ان میں معروف فلسطینی صحافی آدم ابو حربید بھی شامل ہیں جو حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔ غذائی قلت کے باعث مزید 9 فلسطینی بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جس سے فاقہ کشی سے ہونے والی شہادتوں کی مجموعی تعداد 122 سے تجاوز کر گئی ہے۔ غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 59 ہزار 676 اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 965 تک پہنچ چکی ہے۔ عالمی نشریاتی اداروں نے غزہ میں اسرائیلی محاصرے کی وجہ سے پیدا ہونے والی بھوک اور قحط پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اب وہاں صحافی گولیوں سے نہیں بلکہ بھوک کی وجہ سے مر رہے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا اداروں کے مشترکہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کے صحافی کئی ماہ سے محاذ جنگ پر رپورٹنگ کر رہے ہیں، مگر اب وہ شدید فاقہ کشی اور تھکن کی حالت میں ہیں اور اپنے اہلِ خانہ کے لیے بھی خوراک کا انتظام کرنے سے قاصر ہیں۔ اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر نے کہا کہ ان کے جسم میں مزید کام کرنے کی طاقت نہیں رہی، جو غزہ کی کربناک صورت حال کی عکاسی کرتی ہے۔