اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس,ایف بی آر کی جاری اصلاحات کا جائزہ
وزیراعظم نے ایف بی آر میں جدید اور عالمی معیار کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری دے دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایف بی آر کی اصلاحات کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کی بدولت پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہو رہی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ صرف ڈیجیٹائزیشن ہی نہیں، بلکہ پورے نظام کو تقویت دینے کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی ضرورت ہے تاکہ مختلف نظاموں کو آپس میں منسلک کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خام مال کی تیاری و درآمد اور مصنوعات کی مینوفیکچرنگ کے ڈیٹا کو ایک سسٹم سے جوڑا جائے، تاکہ ان تمام عوامل کی براہ راست ڈیجیٹل نگرانی کی جا سکے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ اس نظام کے تحت مرکزی ڈیٹا کو معاشی اسٹریٹجک فیصلہ سازی میں استعمال کیا جائے گا، تاکہ ملک کی معیشت کے لیے بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس بیس میں اضافے اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ممکن ہو گا، جو کہ ملک کی معاشی بہتری کے لیے ضروری ہے۔آخر میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر اپنی اصلاحات کے عمل میں عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرے تاکہ یہ اصلاحات مزید مؤثر اور کامیاب ثابت ہوں۔