لیہ:نوجوان نسل منشیات کی لپیٹ میں، کاروبار دھڑلے سے جاری
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق ضلع لیہ میں منشیات کا مکروہ دھندہ بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔ "ڈانسنگ پلز” اور "آئس” جیسی مہلک منشیات کا استعمال نوجوان نسل میں خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس کے باعث والدین، اساتذہ اور معزز شہری سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ چوک اعظم، کوٹ سلطان، فتح پور، کروڑ لعل عیسن، سٹی لیہ اور گرد و نواح کے دیہاتوں میں منشیات فروش بے خوف و خطر اپنے مذموم کاروبار میں مصروف ہیں۔ نہ پولیس کا خوف اور نہ ہی سی سی ٹی وی کیمروں کا اثر، نشہ آور اشیاء کھلے عام گلی محلوں، چوراہوں اور تعلیمی اداروں کے آس پاس فروخت کی جا رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں آئس اور دیگر نشہ آور گولیوں کا استعمال روز بروز بڑھتا جا رہا ہے جس سے نہ صرف صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں بلکہ جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ ان کے بچے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں اور ضلعی پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ لیہ میں منشیات فروشوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن آپریشن کیا جائے۔ ساتھ ہی منشیات کے عادی نوجوانوں کی بحالی کے لیے خصوصی مراکز قائم کیے جائیں تاکہ انہیں دوبارہ معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جا سکے۔