لیہ:شہری اور دیہاتی علاقوں کے مکینوں کا محکمہ ہائی وے سے نوٹس لے کر گڑھے بھرنے کا مطالبہ
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق ضلع لیہ میں حالیہ مون سون کی بارشوں کے باعث لنک روڈز کے کناروں پر گہرے گڑھے پڑ گئے ہیں جس کے باعث حادثات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہری و دیہاتی علاقوں کے مکینوں نے محکمہ ہائی وے اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر سڑک کے کنارے بارش کے پانی نے 4 سے 8 فٹ تک گہرے گڑھے بنا دیے ہیں جو اندھیرے یا بارش کے دوران نظر نہیں آتے اور ٹریفک حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔ کئی موٹر سائیکل سوار اور چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیور ان گڑھوں کی وجہ سے زخمی ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ہائی وے کی عدم توجہی کے باعث عوام کی جانوں کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر نمبرداروں کے ذریعے ان گڑھوں کی نشاندہی کرے اور ہنگامی بنیادوں پر مرمت کا کام شروع کرائے۔ عوامی حلقوں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ مستقل حل کے لیے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ ہر سال بارش کے بعد یہی صورتحال نہ ہو۔