لیہ:میڈیکل کالج لیہ کی تعمیر کے سلسلہ میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید بلال کا لیہ کا دورہ
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق ضلع لیہ میں نئے میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکومت پنجاب نے پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید بلال کو میڈیکل کالج لیہ کے قیام کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر سعید بلال نے حالیہ دنوں میں لیہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے میڈیکل کالج کے لیے مجوزہ مقام، دستیاب سہولیات، عمارت کا انفراسٹرکچر اور محکمہ صحت کے دیگر جاری منصوبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران نے انہیں زمین، عمارت، اور دیگر انتظامی و تکنیکی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید بلال نے کہا کہ میڈیکل کالج لیہ، جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا، جو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لانے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ضلع لیہ اور گردونواح کے طلبہ کو اپنے ہی علاقے میں معیاری میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیکل کالج کے قیام میں ہر ممکن شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچے۔ یاد رہے کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی کمی کو دور کرنے کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے مختلف منصوبے جاری ہیں، جن میں میڈیکل کالج لیہ سرفہرست ہے۔