اسلام آباد: پاک فوج کے عظیم سپوت اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پہلے شہید کیپٹن محمد سرور کا 77 واں یومِ شہادت آج پورے ملک میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں کیپٹن سرور شہید کی قربانی اور بہادری کو یاد کیا گیا۔
صدر مملکت کا پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیپٹن محمد سرور شہید کے یومِ شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ "کیپٹن سرور شہید نے کشمیر کی پہلی جنگ میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ قوم کو ان کی جرات، استقامت اور عظیم قربانی پر فخر ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "آج کا محفوظ پاکستان ہمارے ہیروز کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے، شہداء کی قربانیاں ملکی دفاع اور قومی استحکام کی بنیاد ہیں۔ قوم کیپٹن سرور شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔”
وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ "کیپٹن سرور نے جموں و کشمیر پر دشمن کے قبضے کو ناکام بنایا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔”
کیپٹن محمد سرور شہید کی قربانی نے نہ صرف پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا بلکہ یہ پورے ملک کے لیے ایک تحریک ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کرنا ایک عظیم فریضہ ہے۔ آج بھی ان کی قربانی قوم کے دلوں میں زندہ ہے اور اس پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔

