اسلام آباد: پاک فوج کے عظیم سپوت اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پہلے شہید کیپٹن محمد سرور کا 77 واں یومِ شہادت آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
کیپٹن سرور شہید کی قربانی اور بہادری کو یاد کرنے کے لیے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں ان کے عظیم کارناموں کو اجاگر کیا جا رہا ہے اور قوم انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے تلپترہ سیکٹر میں دشمن سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی بے مثال بہادری اور قربانی نے انہیں ہمیشہ کے لیے تاریخ میں زندہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کیپٹن سرور شہید کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی داستانِ بہادری اور مادرِ وطن سے وفاداری نئی نسل میں وطن کی محبت اور اس کے دفاع کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔پاک فوج نے کہا ہے کہ "وطن عزیز کے لیے جان قربان کر دینا ہمارا طرۂ امتیاز ہے۔ کیپٹن سرور شہید کی شہادت ہماری تاریخ کا روشن باب ہے جس پر پورا ملک فخر کرتا ہے۔ مسلح افواج وطنِ عزیز کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر تیار رہیں گی۔”
کیپٹن سرور شہید کی قربانی نے نہ صرف پاک فوج کی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا بلکہ پورے ملک کو اپنے دفاع کی اہمیت اور وطن سے محبت کا شعور دیا۔ اس دن کی مناسبت سے قوم کا عزم بھی مزید پختہ ہوا ہے کہ وہ اپنے وطن کے دفاع میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

