نیویارک: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر آج سے نیویارک میں ایک اہم کانفرنس کا آغاز ہو رہا ہے، جو سعودی عرب کے دیرینہ موقف کے مطابق ہوگی۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی قیادت مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
فیصل بن فرحان نے کہا کہ یہ کانفرنس عالمی قراردادوں پر عمل درآمد کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں امن و استحکام کا باعث بنے گی۔دوسری جانب، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کے دوران صرف 10 گھنٹے کے امدادی وقفے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بہت اہم تو ہے لیکن بہت تاخیر سے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں شدید تکالیف کا شکار افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے امداد کی رسائی کو فوری طور پر تیز کیا جانا چاہیے۔
ڈیوڈ لیمی نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو ایک جامع جنگ بندی کی ضرورت ہے جو جنگ کو ختم کرے، یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنائے اور امدادی سامان کو بغیر رکاوٹ زمینی راستوں سے غزہ میں پہنچنے دے۔