لیہ:پسند کی شادی پر حملہ، 3 خواتین بازیاب، 7 ملزمان گرفتار
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ سلطان پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اغوا کی ویڈیو کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 161 ٹی ڈی اے سے تین مغوی خواتین کو بازیاب کرا لیا ہے۔ بازیاب ہونے والی خواتین میں نو بیاہتا دلہن آمنہ شہزادی سمیت سعدیہ پروین اور نسیم مائی شامل ہیں۔ پولیس نے اغوا کے الزام میں سات ملزمان صائمہ بی بی، بلال، اشرف وڑائچ، بوٹا چدھڑ، عرفان سمیت دیگر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔ واقعے کی تفصیلات کے مطابق 50 سے زائد ملزمان نے دن دہاڑے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے گھر پر دھاوا بول کر لڑکی کو اغوا کیا تھا۔ آمنہ شہزادی کے ورثاء نے ندیم حسین سے آمنہ شہزادی کی پسند کی شادی کی رنجش پر حملہ کیا اور تین خواتین کو اغوا کر لیا تھا۔ تھانہ کوٹ سلطان میں اغوا سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایچ او ہارون رضا کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔