لیہ:انسدادِ ڈینگی مہم تیز، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 336 نوٹس جاری
لیہ (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری انسداد ڈینگی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام سرکاری محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
انہوں نے واضح ہدایت کی کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے انسدادِ ڈینگی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ کباڑخانوں، ٹائر شاپس، قبرستانوں، پودوں کی نرسریوں، کیاریوں، پانی کی ٹینکیوں اور دیگر حساس مقامات کی روزانہ بنیاد پر مؤثر نگرانی یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بہترین حکمت عملی اور عوامی آگاہی کے ذریعے ہی سرکاری رہائش گاہوں، گھروں، تعلیمی اداروں اور نجی عمارتوں کو ڈینگی سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ افسران نے بتایا کہ ماہِ جولائی کے دوران انسداد ڈینگی کے تحت 997 سرگرمیاں انجام دی گئیں جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف افراد، اداروں اور دکانوں کو 336 نوٹسز جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انسداد ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متحرک کردار ادا کریں اور فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔