لیہ:ڈسٹرکٹ پبلک سکول گرلز ونگ کی طالبہ ہانیہ کی میڑک میں 1187 نمبر لے کر پہلی پوزیشن
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پبلک سکول گرلز ونگ لیہ کی ذہین طالبہ ہانیہ محمود نے میٹرک کے امتحان میں 1187 نمبر حاصل کر کے ڈیرہ غازی خان بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کی اس نمایاں کامیابی پر ڈپٹی کمشنر لیہ محترمہ امیرا بیدار نے طالبہ کو ڈی سی آفس میں بطور مہمان مدعو کیا اور اعزازی سند کے ساتھ نقد انعام بھی پیش کیا۔
ہانیہ محمود لیہ کے معروف دانشور، ممتاز شاعر، نقاد، محقق، مترجم اور ماہر تعلیم خیال امروہی کی نواسی ہیں جبکہ وہ محکمہ اطلاعات کے سابق سینئر ڈائریکٹر رانا اعجاز محمود (مرحوم) کی بھتیجی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہانیہ محمود کی کامیابی نہ صرف ان کے والدین اور اساتذہ کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ یہ دیگر طالبات کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کی تعلیم کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور ہماری بیٹیاں ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک سکول گرلز ونگ کی پرنسپل محترمہ طاہرہ ذوالفقار کو بھی ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔