لیہ:ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس
لیہ (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں "بنیاد” اور "آغوش” پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جاری سرگرمیوں کا احاطہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغوش پروگرام کے تحت ضلع میں زیادہ سے زیادہ حاملہ خواتین کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اس اہم فلاحی منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کے تعاون سے رجسٹریشن کا عمل مؤثر اور تیز تر کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آغوش پروگرام کے تحت حاملہ خواتین اور 2 سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں کو 23 ہزار روپے کی مالی معاونت مرحلہ وار فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مرکز صحت پر مفت طبی سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو متحرک کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھر گھر جا کر اس پروگرام کی افادیت سے خواتین کو آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے زور دیا کہ عوامی فلاح کے اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔