لیہ:ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیاں، متعدد مجرمان گرفتار
لیہ (نیوز رپورٹر) ڈی ایس پی پٹرولنگ ضلع لیہ راؤ عمر فاروق کی زیر صدارت ضلع بھر کے انچارج پوسٹس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور ڈی آئی جی پٹرولنگ ڈاکٹر اطہر وحید کی رہنمائی میں پٹرولنگ پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے تمام پٹرولنگ اہلکاروں کو ہدایت کی کہ اوورلوڈنگ، اوور اسپیڈنگ، اور غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ ڈی ایس پی راؤ عمر کے مطابق پٹرولنگ پولیس ضلع لیہ کی جانب سے رواں مدت کے دوران 140 مقدمات درج کیے گئے، عوام کو سفر کے دوران 72 مختلف نوعیت کی مدد فراہم کی گئی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے 7 عدالتی مفرور اور مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا۔
علاوہ ازیں 2 چوری شدہ گاڑیاں برآمد کی گئیں، اور بغیر رجسٹریشن، بلا نمبر اور کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 340 موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کی گئیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5900 چالان کیے گئے۔ پٹرولنگ پولیس قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی اور عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرے گی۔ ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دورانِ سفر کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں پٹرولنگ پولیس کی ہیلپ لائن 1124 پر کال کر کے فوری مدد حاصل کریں۔
ناصر حیات نیوز رپورٹر 03337012061