لاڈر ہل: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میچ میں 14 رنز سے شکست دے کر سیریز کا شاندار آغاز کیا ہے۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 179 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ صائم ایوب 57 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جبکہ فخر زمان نے 28 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 24 رنز کی اننگز کھیلی، فہیم اشرف 16 اور صاحبزادہ فرحان 14 رنز کے ساتھ سکور کرتے ہوئے ٹیم کا اسٹرائیک آگے بڑھایا۔ کپتان سلمان علی آغا اور محمد حارث بالترتیب 11 اور 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمار جوزف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور شیفرڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ جانسن چارلس اور جیول اینڈریو نے 35، 35 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسٹرائیک کی، تاہم دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے کمزور کارکردگی کا سامنا رہا۔ کپتان شائے ہوپ صرف 2 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ گدیش موتی، شرفین ردرفورڈ، روسٹن چیز اور ریموریو شیفرڈ کی اننگز بھی غیر موثر ثابت ہوئیں۔ جیسن ہولڈر اور شمار جوزف نے 30 اور 21 رنز بنائے، مگر وہ اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔
پاکستان کے محمد نواز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔صائم ایوب نے بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس پیش کی، جس پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 20 رنز دے کر 2 ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو شکست دی اور سیریز میں کامیابی کی راہ ہموار کی۔