واشنگٹن : امریکہ نے مختلف ممالک پر نئے تجارتی ٹیرف عائد کر دیے ہیں جس کے تحت پاکستان پر 19 فیصد، بھارت پر 25 فیصد، اور دیگر ممالک پر بھی مختلف شرحوں کے ٹیرف لگائے گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان ٹیرفز سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کا اطلاق آج سے ہو گا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق کینیڈا پر ٹیرف 25 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کر دیا گیا ہے، جب کہ بنگلہ دیش پر 20 فیصد، ترکیہ اور اسرائیل پر 15 فیصد، جنوبی افریقہ پر 30 فیصد، ویتنام پر 20 فیصد اور وینزویلا پر 15 فیصد ٹیرف عائد کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، سوئٹزرلینڈ پر 39 فیصد، عراق پر 35 فیصد، جاپان پر 15 فیصد، لیبیا پر 30 فیصد اور میانمار پر 40 فیصد ٹیرف لگایا گیا ہے۔
اس فیصلے سے عالمی تجارتی ماحول میں عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹیرف تجارتی مذاکرات اور باہمی مشاورت کی بنیاد پر عائد کیے گئے ہیں۔پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ دنوں میں تجارتی معاہدہ بھی طے پایا تھا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔ تاہم، یہ نئی ٹیرف پابندیاں پاکستان کی برآمدات پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔امریکی حکام کے مطابق چین کے حوالے سے ٹیرف کے فیصلے پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، اور بھارت کے ساتھ تجارتی اختلافات حل ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔