لیہ:5 پیٹرول پمپس سیل کیے 8 غیر قانونی آئل ایجنسیاں بند کروا دی گئیں
لیہ (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "محفوظ شہری، محفوظ پنجاب” کے تحت ضلع لیہ میں عوامی تحفظ، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ انہی اقدامات کے تسلسل میں ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کی خصوصی ہدایت پر ضلعی افسران نے غیر قانونی پیٹرول پمپس اور آئل ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
ضلعی آفیسر انڈسٹریز عاشق حسین نے سول ڈیفنس آفیسر محمد توقیر عباس اور انسپکٹر ویٹ اینڈ میئرز محمد عمران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بغیر K فارم کے چلنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کیں۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 5 پیٹرول پمپس کو سیل کر دیا گیا جبکہ 8 غیر قانونی آئل ایجنسیاں بند کروا دی گئیں۔
عاشق حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اقدامات عوام کے جان و مال کے تحفظ، شفاف کاروباری ماحول کی فراہمی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی اور غیر معیاری پیٹرول فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ کسی کو عوام کی جانوں سے کھیلنے اور غیر قانونی کاروبار سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہ دی جائے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے بھی ان اقدامات کو سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان کارروائیوں سے ضلعی سطح پر قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کو مزید تقویت ملے گی۔