صادق آباد : صادق آباد کے علاقے ماہی چوک کے قریب پولیس چوکی پر کچے کے ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا، جس میں 5 ایلیٹ پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ 2 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، درجنوں ڈاکوؤں نے رات کے وقت پولیس پوسٹ پر اچانک حملہ کیا۔ ڈاکوؤں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او عرفان علی سموں اپنی پولیس ٹیم کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ اس دوران شدید مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔ ڈاکوؤں کی جانب سے چوکی پر راکٹ لانچر بھی داغے گئے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی۔پولیس کے ترجمان نے شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت محمد عرفان، محمد سلیم، خلیل احمد، غضنفر عباس، اور نخیل حسین کے طور پر کی۔ یہ اہلکار چھ ماہ سے کچے میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ شہداء کی تدفین اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ ڈاکو ریاست اور قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس ڈاکوؤں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے شہادت کا اعلیٰ مرتبہ حاصل کیا۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف لڑتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔