لیہ:ہسپتال کے مختلف وارڈز اور میڈیسن سٹور کا تفصیلی جائزہ لیا
لیہ (نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی حاضری کا معائنہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام محی الدین بھی موجود تھے جنہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کی کارکردگی اور سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
محمد شاہد ملک نے ہسپتال کی صفائی، ادویات کے ذخیرے اور مریضوں کی سہولت کے حوالے سے جائزہ لیا اور مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی تاکید کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام وارڈز میں مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔