لیہ:متاثرین کا ارباب اختیار سے نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ
لیہ (نیوز رپورٹر)ضلع میں آن لائن ارننگ کے نام پر نوجوانوں اور طلباء و طالبات کو لاکھوں روپے کا لالچ دے کر رقم لوٹنے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ چک نمبر 257 ٹی ڈی اے کے رہائشی حسن عباس سمیت متعدد افراد نے وقاص اسلم پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں کہ اس نے دو ویب سائٹس کے ذریعے ان سے 10 لاکھ روپے انویسٹ کروائے اور ماہانہ 5 لاکھ روپے کمانے کا جھانسہ دیا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ستمبر میں رقم دی، مگر اکتوبر میں نقصانات کا بہانہ بنا کر پیسے واپس کرنے سے گریز کیا گیا۔ حسن عباس نے کہا کہ وقاص اسلم نے گوگل اپڈیٹ کو نقصان کی وجہ بتایا جبکہ اصل میں اکتوبر اور ستمبر میں کوئی اپڈیٹ نہیں آئی۔ متاثرین نے الزام لگایا ہے کہ وقاص اسلم نے "ڈریم سکلز” کے نام پر ایک غیر قانونی ادارہ بنا رکھا ہے جو نوجوانوں کو سبز باغ دکھا کر گمراہ کرتا ہے۔ حسن عباس نے بتایا کہ چونکہ وقاص ایک ٹیچر ہے اس لیے انہوں نے اعتماد کیا اور بھاری رقم انویسٹ کی تاکہ گھر بیٹھے کام کیا جا سکے۔ جب رقم واپس مانگی گئی تو وقاص نے موبائل چوری کا جھوٹا الزام لگا کر متاثرین کو ہراساں کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
متاثرین نے ڈی پی او اور ایس ایچ او کو درخواست دی تو ان کے خلاف ہراسمنٹ کے مقدمات بھی درج کر دیے گئے۔ متاثرین نے ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ڈریم سکلز کے دفتر پر چھاپہ مارا جائے، اس دھندے کو بند کیا جائے اور وقاص اسلم کو سخت سزا دی جائے۔ دوسری جانب وقاص اسلم نے تمام الزامات کو بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈریم سکلز صرف ایک تربیتی سنٹر ہے جہاں طلباء کی رقم سے مونیٹائزڈ ویب سائٹس خرید کر دی جاتی ہیں۔ متاثرین نے حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف دیا جائے اور ان کی رقم واپس کروائی جائے۔